
گجرات : بجلی فراہم کرنے والی کمپنی گیپکو صارفین کو مسلسل بجلی کی فراہمی میں بری طرح ناکام ؛ ہر گھنٹے بعد کی لوڈ شیڈنگ سے صارفین شدید اذیت کا شکار ، تفصیلات کے مطابق گیس کے شدید بحران کے بعد اب پرائیویٹ کیے جانیوالے شعبہ بجلی کی کمپنی گیپکو اپنے صارفین کو تسلسل کے ساتھ بجلی کی فراہمی میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے جس کے نتیجے میں صارفین میں شدید اضطراب پایا جاتا ہے ۔ صارفین کا کہنا ہے کہ اگر گیپکو بجلی کی فراہمی میں ناکامی کا شکار ہے تو کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ کے تحت اس کمپنی کی ناقص کارکردگی کی بناء پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے جو بجلی کے بل اس قدر تاخیر سے تقسیم کرتے ہیں کہ صارفین اپنے زائد بلنگ کی شکایات کے ازالے کیلئے دفاتر کا رخ کرتے ہیں تو یہ کہہ کر رخصت کردیا جاتا ہے کہ موجودہ بل گی الفور جمع کروائیں ورنہ کاروائی ہوگی اور اب جبکہ صارفین قطاروں میں لگ کر بجلی کے بل بھی ادا کررہے ہیں تو بھی متعلقہ کمپنی بجلی کی مسلسل فراہمی میں بری طرح ناکام ہوگئی ہے ۔ رات کو متعدد مرتبہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہتا ہے جبکہ دن میں بھی ہر گھنٹے بعد لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔ اس قسم کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے معمولات زندگی کے ساتھ متاثر کاروبار ، تعلیمی ادارے اور ہسپتال متاثر ہورہے ہیں ۔ صارفین نے عوام دوست حکومت سے درخواست کی ہے کہ اگر یہ پرائیویٹ سیکٹر بجلی کی مسلسل فراہمی میں ناکامی کا شکار ہیں تو ان پر کمپنی ایکٹ کے تحت کاروائی کرتے ہوئے کسی نئی کمپنی کے حوالے منتقل کی جائے جو اپنے صارفین کو تسلسل کے ساتھ بجلی کی فراہمی یقینی بناسکے تاکہ تمام شعبہ ہائے زندگی پاکستان کی کامیابی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں اور بہتری اور ترقی کی جانب بڑھتا پاکستان موجودہ قیادت میں مزید خوشحالی کی منازل طے کرسکے ۔




