یوم عاشور 10 محرم الحرام بمطابق 17 جولائی 2024ء بروز بدھ کو ہو گا

کوئٹہ : ماہ محرم الحرام 1446 ہجری کا چاند دیکھنے کیلئے چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد کی زیر صدارت مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس بمقام دفتر ڈپٹی کمشنر کچہری روڈ کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزارت مذہبی اْمور پاکستان سے حافظ عبدالقدوس اور اے ڈی سی جی کوئٹہ محمد انور کاکڑ، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سعد بن اسد نے جبکہ فنی معاونت کے لیے محکمہ موسمیات سے چیف میٹ ڈاکٹر سردار سرفراز، محکمہ سپارکو سے غلام مرتضیٰ اور وزارتِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے زین العابدین نے اپنی خدمات سرانجام دیں۔اجلاس میں مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان کے جو اراکین شریک ہوئے جن میں مفتی قاری مہراللہ، مفتی فضل جمیل رضوی، مفتی فیصل احمد، مفتی علی اصغر عطاری، مفتی یوسف کشمیری، حافظ عبدالمالک بروہی، مولانا اشرف علی، مولانا عبدالرؤف مدنی اور زونل ممبران میں مولانا انوار الحق حقانی،ڈاکٹر عطاء الرحمن،قاری حفیظ اللہ، مولانا نقیب اللہ آغا، مولانا محمد جان قاسمی، قاری عبدالرشید ہزاروی، علامہ ہاشم موسوی، مولانا عتیق الرحمن شاہ و دیگر علماء کرام میں علامہ ولایت حسین جعفری،سید نصر اللہ حسینی، ڈائریکٹر مذہبی امور بلوچستان احمد خان، مفتی محمد روزی خان،مولانا مختیار احمد حبیبی، قاری بلال گولڑوی، سید عبدالبصیر آزاد، سید حارث آغا، عمردرانی، محسن رضا عطاری، عرفان رشید عطاری، سردار اقبال خلجی، حاجی غلام حسین گیلانی شامل تھے، اس کے علاوہ پاکستان بھر میں زونل رؤیت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد، لاہور، پشاور، کراچی میں منعقد ہوئے‘ جس میں زونل رؤیت ہلال کمیٹیوں کے ممبران اور فنی ماہرین نے شرکت کی، مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کے اکثر و بیشتر مقامات پر مطلع ابر آلود رہا اور کچھ مقامات پر مطلع صاف بھی رہا، پاکستان کے کسی بھی مقام سے ماہ محرم الحرام کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، پورے ملک میں عدم رویت رہی اور چاند نظر نہیں آیا لہذا اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ یکم محرم الحرام 1446 ہجری بمطابق 8 جولائی2024ء بروز پیر کو ہوگی اور یوم عاشور 10 محرم الحرام 1446 بمطابق 17 جولائی 2024ء بروز بدھ کو ہو گا، مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہاکہ محرم الحرام میں قیام امن، اتحاد بین المسلمین و بین المسالک ہم آہنگی،استحکام پاکستان اور پیغام پاکستان کے فروغ کو زیادہ سے زیادہ عام کیا جائے، پیغام پاکستان،پاکستان کا وہ ضابطہ اخلاق ہے جس کو عام کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے،اجلاس کے آخر میں عالم اسلام کے اتحاد،حرمین شریفین کے تحفظ، ملک پاکستان کی سلامتی و استحکام‘ ترقی وخوشحالی،اتحادووحدت،مقبوضہ کشمیراور غزہ و فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔





