
گجرات : ڈویژنل بیورو چیف گجرات و آزاد جموں و کشمیر انعام اللہ کی رپورٹ کے مطابق شہر گجرات میں جمعہ کے روز ہونے والی آدھے گھنٹے کی بارش کا پانی شہر کے بیشتر علاقوں سے زیادہ تر نکال دیا گیا لیکن ظہور الٰہی اسٹیڈیم اور اس سے ملحقہ اندرونی بارہ دری جانیوالی سڑک اور جلال پور جٹاں جانے والی مرکزی شاہراہ دو دن گزرنے کے باوجود مکمل طور پر تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں۔فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ اسکول کے طلبہ، اساتذہ اور والدین ہی نہیں بلکہ راہگیر بھی شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ایجوکیٹرز اسکول کے سامنے آئے روز حادثات پیش آرہے ہیں، معصوم بچے اور بچیاں گندے پانی میں گرنے سے محفوظ نہیں رہ سکے۔ علاقے کے مین ہولز کی صفائی نہ ہونا حکام کی چشم پوشی کو بے نقاب کر رہا ہے۔عجیب امر یہ ہے کہ چند ہی میٹرز کے فاصلے پر واقع کرسچنز کا کیتھڈرل اسکول مکمل طور پر خشک ہے، جس پر عوام سوال اٹھا رہے ہیں کہ آخر اس امتیاز کی وجہ کیا ہے؟ اگر جمعہ کے دن ہی موٹریں لگا کر پانی کی نکاسی کر دی جاتی تو آج یہ صورتِ حال پیدا نہ ہوتی۔اس موقع پر چیئرمین دی ایجوکیٹرز اسکول بارہ دری کیمپس شہزاد شفیق نے نیوز ڈاٹ ایس پی نیوز ٹی وی ڈاٹ کام اور ایس پی نیوز ٹی وی ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم بارہا تحریری اور میڈیا کے ذریعے حکام کی توجہ اس جانب دلاتے رہے لیکن شنوائی نہیں ہوئی۔ اہلیان علاقہ بارہ دری اور طلبہ و طالبات کے والدین نے حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ہنگامی اقدامات کیے جائیں اور اس مسئلے کا مستقل حل نکالا جائے۔




