



تہران : ایران نے تہران پر حملے کے جواب میں اسرائیل پر بیلسٹک میزائل داغ دیے، تل ابیب میں دھماکے .ایران کی جانب سے میزائل فائر کرنے پر اسرائیل میں سائرن بج اٹھے . ایران نے دارالحکومت تہران پر حملے کے جواب میں اسرائیل پر بیلسٹک میزائل داغ دیے۔ ایران کی جانب سے میزائل فائر کرنے پر شمالی اور وسطی اسرائیل میں سائرن بج اٹھے۔ اسرائیلی فوج نے شہریوں کو شیلٹرز میں جانے کی ہدایت کردی ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق اسرائیلی فضائی دفاعی نظام جدید ترین ایرانی میزائل روکنے کیلئے کام کر رہا ہے۔ اُدھر اسرائیلی حکومت نے 30 جون تک ملک میں ایمرجنسی کا نفاذ بڑھا دیا ہے۔ دوسری جانب کچھ دیر قبل اسرائیل نے ایران کے دارالحکومت تہران میں مختلف اہداف کو نشانہ بنایا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق 50 جہازوں کےذریعے 170 ایرانی ملٹری اہداف کو نشانہ بنایا گیا جبکہ تہران میں پاسداران انقلاب اور ایرانی دفاعی نظام سےمنسلک اہداف کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق تہران کے وسطی علاقےمیں ایرانی پارلیمنٹ کی عمارت کے قریب دھماکوں کے بعد آگ لگ گئی جبکہ تہران کی شاہراہ طالقانی اور ولی عصر میدان کے قریب علاقوں میں دھماکےہوئے۔ عرب میڈیا کا مزید بتانا ہے کہ تہران میں پولیس ہیڈ کوارٹر پراسرائیلی ڈرون حملے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔ تہران پر اسرائیلی حملوں کے بعد ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ اسرائیل کے حملے جاری رہے تو جوابی کارروائی انتہائی طاقتور اور فیصلہ کن ہوگی۔






