
گجرات : ڈی پی اوگجرات مستنصر عطاء باجوہ کی یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر بھمبر میں منعقد مرکزی تقریب میں شرکت تفصیلات کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر بھمبر میں مرکزی تقریب منعقد کی گئی، جہاں پنجاب کے سرحدی مقام باب کشمیر گیٹ بڑہنگ پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی۔ اس موقع پر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے گجرات سے سیاسی قیادت، ضلعی انتظامیہ اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب میں ڈی پی او گجرات ڈاکٹر مستنصر عطاء باجوہ، ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک، ڈپٹی کمشنر بھمبر مرزا ارشد محمود جرال، ایم این اے چوہدری الیاس، چوہدری نصیر عباس سدھو، ایم پی اے چوہدری عبداللہ یوسف،چیئرمین ضلع کونسل بھمبر چوہدری یوسف، ایس ایس پی بھمبر چوہدری امین سمیت سول سوسائٹی، معززین، طلبہ اور مختلف مکاتب فکر کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب کا آغاز ایک منٹ کی خاموشی سے کیا گیا، جس کے بعد فضا میں کبوتر چھوڑے گئے، سائرن بجائے گئے، پاکستانی اور کشمیری ترانے پیش کیے گئے اور شجر کاری کی گئی۔ شرکاء نے پاکستانی اور کشمیری پرچم لہرائے اور“کشمیر بنے گا پاکستان”اور“پاکستان زندہ باد”کے فلک شگاف نعرے لگائے۔یوم یکجہتی کشمیر کی اس عظیم الشان تقریب میں عوام کے جوش و خروش نے واضح کر دیا کہ پاکستانی قوم ہر حال میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے حق خودارادیت کے لیے ہر ممکن حمایت جاری رکھے گی۔ اس موقع پر ڈی پی او گجرات کا کہنا تھا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ اس دن کا مقصد یہ ہے کہ ہم عالمی برادری کو یہ پیغام دیں کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حق میں ان کی حمایت کرتی ہے۔ ہم ان کے ساتھ ہیں اور ان کی آزادی کے لیے ہم آواز بلند کرتے رہیں گے۔ڈی پی او گجرات نے مزید کہا کہ گجرات پولیس نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر گجرات میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا۔ کشمیر کا مسئلہ ہمارا مسئلہ ہے اور ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہر لمحہ کھڑے ہیں۔”




