
کراچی : ملک میں ہر روز مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔معاشی حالات اس حد تک خراب ہو چکے ہیں کہ عوام ذہنی مریض بن چکی ہے۔ مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ بلال سلیم قادری شامی نے ان خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ حکمران اپنی ذمہ داریوں سے بھاگ رہے ہیں۔ منتخب ہونے سے قبل صرف قوم کو سہانے سپنے دکھائے جاتے ہیں۔ عوامی نمائندے بن کر ایوانوں میں جانے کے بعد سب وعدے بھول جاتے ہیں۔ قوم کے دکھ کا ازالہ کرنے والا اس وقت کوئی نہیں ہے۔ یومیہ اجرت پر کام کرنے والا ہو یا کاروباری سب کی پریشانیاں ایک ہیں۔ مہنگائی ، بے روزگاری ہر گھر کا مسئلہ ہے۔بلال سلیم قادری کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں عوام کے پاس بنیادی ضرورت کی اشیاء کا فقدان ہے۔ایوانوں میں بیٹھے ہوئے نمائندے عوام کو ان کا جائز حق نہیں دے رہے ہیں۔عوام اب اپنے مسائل اپنی مدد آپ کے تحت حل کرنے کے لیے ہر روز نئے انداز میں کوشش کرتی ہے۔پانی بجلی گیس کے لیے عوام کو ترسایا جا رہا ہے۔متعلقہ محکمہ اپنی من مانیوں میں مصروف ہیں اور حکمران اپنی مستیوں میں۔عوامی نمائندے ایوانوں میں جانے کے بعد عوام کے معاملات درست کرنے کے بجائے اپنے معاملات بہتر کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔بجلی گیس کے بل اس قدر آرہے ہیں کہ تنخواہ دار بل جمع کرنے کے بعد سوچتا ہے کہ کتنے وقت کا کھانا کھائیں گے۔حکمرانوں کی جانب سے عوام کو کسی طرح کی کوئی سہولت میسر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں صورتحال کی سنگینی کو بھانپتے ہوئے مل بیٹھ کر مسائل کے حل پر توجہ دیں کیونکہ مل کر آگے بڑھنے میں ہی سب کی بقاءاور ملک کی بہتری ہے۔ہمیں میثاق معیشت کی اشد ضرورت ہے جس پر بالآخر سب کو متفق ہونا ہی پڑے گا۔عوام کے مسائل میں مہنگائی ،بے روزگاری، کاروبار میں سستی اور غربت جیسے سنگین مسائل شامل ہیں ، حکمرانوں کی غلط پالیسیوں نے عام آدمی کا جینا دوبھر کردیاہے۔اپنے مفاد کو حاصل کرنے والی سیاسی قیادت اور اس کے ماننے والوں نے حقائق کو اپنے حق میں کرنے کی خاطر گمراہ کن معلومات کا سہارا لیا ہوا ہے۔




